Wed, September 16, 2026

پاکستان ویمنز کو شکست، سری لنکا نے ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

پاکستان ویمنز کو شکست، سری لنکا نے ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

ہمبنٹوٹا: سری لنکا ویمنز نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی تین کھلاڑی صرف 10 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اس مشکل صورتحال میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑ کر اننگز کو سنبھالا۔ گل فیروزہ نے 40 جبکہ منیبہ علی نے 34 رنز اسکور کیے۔

کپتان فاطمہ ثنا نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم پاکستانی ٹیم مقررہ 40 اوورز بھی مکمل نہ کر سکی اور 187 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے چماری اتاپتو، چیتھانا اور کویشا دلہاری نے تین، تین وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو بڑا نقصان پہنچایا۔

188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے اعتماد سے بیٹنگ کی اور صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 38ویں اوور میں مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ ہرشیتھا نے ناقابلِ شکست 71، ہسنی پریرا نے ناٹ آؤٹ 50 جبکہ کپتان چماری اتاپتو نے 52 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی۔ دونوں ٹیمیں اب جمعے سے شروع ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹیگز: