پشاور: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے علامہ طاہر محمود اشرفی کی سربراہی میں پشاور کے سینٹ جانز چرچ کا دورہ کیا، جہاں مسیحی برادری کے رہنماؤں سے ملاقات کی گئی اور ملک میں امن و رواداری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امن کمیٹی کا مقصد معاشرے میں پائی جانے والی نفرتوں کا خاتمہ اور محبت، برداشت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، رواداری اور احترام کا درس دیتا ہے اور کسی پر زبردستی اپنی مرضی مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نفرت، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے علماء کرام کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔