اسلام آباد: ملک بھر میں آج سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 5 اگست تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، جس کے باعث شہری علاقوں کے نشیبی مقامات زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے پیشِ نظر اربن فلڈنگ، مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔