کراچی: سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوام کو اجتماعی سزائیں دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے مسائل کا حل صرف پری پیڈ میٹرز کی تنصیب میں ہے، اور اگر ہر فرد کو پری پیڈ کنکشن مل جائے گا تو کسی بھی صارف کو شکایت نہیں ہوگی۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پری پیڈ میٹرز مسائل کا حل ہیں، اور انہوں نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کی کمپنیوں سے درخواست کی کہ وہ پری پیڈ میٹرز نصب کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ وقت پر بل ادا کرتے ہیں، انہیں دوسروں کی عدم ادائیگی کی سزا نہ دی جائے۔
انہوں نے وزیرِ اعظم اور نیپرا حکام سے مطالبہ کیا کہ پری پیڈ میٹرز کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اپنی اصلاح کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے خلاف قراردادیں پیش کی جاتی ہیں، لیکن متعلقہ اداروں کے حکام اس پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔
سینیئر وزیر نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت نے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرمی میں رہنے والے علاقوں کے لیے سولر سسٹمز فراہم کرنے کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان مسائل کا مستقل حل نکالنا ہوگا، اور بجلی کی کمپنیوں کو پری پیڈ میٹرز نصب کرنا چاہیے، یا پھر عوام کو اجتماعی سزائیں دینے کا یہ سلسلہ ختم کیا جائے۔