Wed, September 16, 2026

پاک بنگلہ دوستی کا نیا باب: 14 سالہ تعطل ختم، براہ راست پروازوں کا آج سے آغاز

پاک بنگلہ دوستی کا نیا باب: 14 سالہ تعطل ختم، براہ راست پروازوں کا آج سے آغاز

کراچی : پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سفارتی اور سفری تعلقات میں آج ایک بڑی پیش رفت ہونے جا رہی ہے۔ 14 سال کے طویل وقفے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطے بحال ہو رہے ہیں، جس کے تحت بیمان بنگلادیش ایئرلائنز کی پہلی پرواز آج کراچی پہنچے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کو موصول ہونے والے شیڈول کے مطابق     بیمان ایئر کی پرواز BG-341 آج رات 8 بجے ڈھاکہ سے اڑان بھرے گی اور رات 11 بجے کراچی ایئرپورٹ پر اترے گی۔
    کراچی ایئرپورٹ پر پہلی پرواز کے استقبال کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، جہاں واٹر کینن سیلوٹ اور دیگر رسمی تقاریب متوقع ہیں۔ ابتدائی طور پر ڈھاکہ اور کراچی کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔ اس براہ راست رابطے سے دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کو بڑی سہولت ملے گی، جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافے کے روشن امکانات ہیں۔ براہ راست پروازوں کی عدم موجودگی میں مسافروں کو تیسرے ملک (دبئی یا دوحہ) سے ہو کر جانا پڑتا تھا، جس سے وقت اور پیسے کا ضیاع ہوتا تھا۔ اب 3 گھنٹے کے مختصر سفر سے یہ فاصلہ سمٹ گیا ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ 2012 کے بعد سے منقطع تھا، جسے اب دونوں حکومتوں کی باہمی کوششوں سے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔ اسے خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال اور بہتر ہوتے ہوئے تعلقات کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: