Wed, September 16, 2026

پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، جی 20 میں شمولیت ہدف ہے: اسحاق ڈار

پاکستان معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے، جی 20 میں شمولیت ہدف ہے: اسحاق ڈار

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام حاصل کرچکا ہے اور اب حکومت کی توجہ ترقی اور شرحِ نمو میں اضافے پر ہے۔

لندن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے جبکہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے۔ پالیسی ریٹ بھی 22 فیصد سے کم ہو کر ساڑھے 11 فیصد پر آچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو دوبارہ 2017 کے معاشی اشاریوں تک لے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا ہدف ہے، معاشی ترقی سے فی کس آمدنی اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا، دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق ہوا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنی سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔ امریکا اور ایران کے تنازع میں پاکستان نے سفارتی کوششیں کیں اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کیا۔ پاکستان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ترجیح دیتا ہے، کیونکہ جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں امن کے داعی ملک اور نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان نے دولت مشترکہ میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ان کی ترسیلات زر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور 40 ارب ڈالر سے تجاوز کر رہی ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے رقوم رکھنے پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت اور سفارتکاری میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور کئی ممالک پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔

ٹیگز: