لاہور : پاکستان کی فلمی دنیا کے بے مثال اداکار اور کامیڈی کے شہنشاہ منور ظریف کو ہم سے بچھڑے 49 برس بیت چکے ، مگر ان کی یادیں اور فن آج بھی زندہ ہیں۔ 29 اپریل 1976 کو صرف 36 برس کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہنے والے منور ظریف نے اپنے مختصر مگر شاندار کیریئر میں وہ مقام حاصل کیا جو بہت کم فنکاروں کے حصے میں آتا ہے۔
گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے منور ظریف، معروف کامیڈین ظریف کے چھوٹے بھائی تھے۔ انہوں نے فلمی سفر کا آغاز پنجابی فلم "ہتھ جوڑی" سے کیا، جو ان کی کامیابی کی پہلی سیڑھی بنی۔ ان کی اداکاری، برجستہ مکالمے، اور فطری انداز نے انہیں فلم بینوں کا پسندیدہ اداکار بنا دیا۔
منور ظریف نے تقریباً 16 سالہ فلمی کیریئر میں 300 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ مزاحیہ کردار ہو یا سنجیدہ، صداکاری ہو یا نسوانی روپ، ڈانس ہو یا ہیرو کا کردار ہر رنگ میں وہ جچتے تھے۔ ان کا انداز نرالا اور انداز بیان اتنا فطری تھا کہ دیکھنے والے بے اختیار ہنسنے پر مجبور ہو جاتے۔
آج بھی ان کی فلمیں، مکالمے اور اداکاری کا انداز مداحوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔ منور ظریف صرف ایک اداکار نہیں، بلکہ ایک ایسا فنکار تھے جو لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا ہنر بخوبی جانتے تھے۔