مزار شریف: افغانستان کے شہر مزار شریف میں کارروائی کے دوران داعش خراسان کا خطرناک کمانڈر محمد احسانی عرف انوار ہلاک ہو گیا۔ احسانی کا تعلق تاجک نسل سے تھا اور وہ 2022 کے پشاور کوچہ رسالدار مسجد دھماکے کا مرکزی سہولت کار تھا، جس میں 67 افراد شہید ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق محمد احسانی تاجک خودکش بمباروں کو پاکستان منتقل کرنے اور تربیت دینے کا ذمہ دار تھا۔ وہ کئی سالوں سے داعش خراسان کے لیے کام کر رہا تھا اور سرحد کے دونوں جانب دہشتگردی کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا۔
یاد رہے کہ ستمبر 2025 میں خیبرپختونخوا میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن میں داعش خراسان کے 3 دہشتگرد مارے گئے تھے، جن میں ایک افغان شہری بھی شامل تھا۔ ان دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ محمد احسانی سے جا ملا تھا۔
دوسری جانب، باجوڑ میں "آپریشن سربکف" بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سہولت کاروں اور چھپے ٹھکانوں کو ہدف بنا رہی ہیں تاکہ علاقے کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔