Wed, September 16, 2026

یومِ تکبیر : صدر مملکے ، وزیراعظم ، وزیرداخلہ کی قوم کو مبارکباد

یومِ تکبیر : صدر مملکے ، وزیراعظم ، وزیرداخلہ کی قوم کو مبارکباد

اسلام آباد  : یومِ تکبیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے تاریخی فیصلے کو پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کی مضبوط علامت قرار دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام طاقت کے ذریعے امن قائم رکھنے کی ایک سمجھدار حکمتِ عملی تھی۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ امن، بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کے اس فیصلے کی یاد دلاتا ہے جب پوری قوم نے ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ عہد یاد دلاتا ہے کہ ہم پاکستان کو صرف دفاعی لحاظ سے نہیں بلکہ معاشی طور پر بھی ایک مضبوط ریاست بنائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہم اپنے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے سائنسدانوں، افواجِ پاکستان اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں سے پاکستان ناقابلِ تسخیر بنا۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں، یہ ہماری قومی غیرت، خودداری اور دفاعی طاقت کی علامت ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ آج کا پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور 10 مئی کی ناکامی ہمیشہ اُس کے ذہن میں رہے گی۔

ٹیگز: