راولپنڈی :سکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی کے بعد ایک نیا جعلی انکاؤنٹر منصوبہ ’آپریشن مہادیو‘ شروع کر رکھا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بھارتی فورسز غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے پاکستانی شہریوں کو جعلی مقابلوں میں ہلاک کر کے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ’آپریشن مہادیو‘ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانا اور بھارت کی اندرونی سیاسی ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔ بھارتی فوج نے 24 اپریل کو آزاد جموں و کشمیر کے دو شہریوں کو سرحد عبور کرنے کے الزام میں جعلی انکاؤنٹر میں شہید کیا تھا۔
مزید برآں، بھارتی جیلوں میں 723 پاکستانی شہری غیر قانونی طور پر قید ہیں جبکہ 56 پاکستانی خفیہ ایجنسیوں کی تحویل میں جبراً رکھے گئے ہیں۔ جعلی انکاؤنٹرز کے بعد بھارتی میڈیا کو من گھڑت تصاویر اور ویڈیوز فراہم کی جاتی ہیں تاکہ انہیں دہشتگرد ظاہر کیا جا سکے اور جھوٹے اعترافات کروائے جا سکیں۔