Wed, September 16, 2026

واٹس ایپ کا نیا فیچر: اسٹیٹس اب انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی شیئر کریں

واٹس ایپ کا نیا فیچر: اسٹیٹس اب انسٹاگرام اور فیس بک پر بھی شیئر کریں

کیلیفورنیا:  پیغام رسانی کے لیے دنیا بھر میں مقبول ایپ واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے کئی نئی تبدیلیاں متعارف کروا دی ہیں، جن کے تحت صارفین کو دیگر میٹا پلیٹ فارمز پر مواد شیئر کرنا اور بھی آسان بنا دیا گیا ہے۔

حالیہ اپڈیٹ میں اسٹیٹس کے ظاہری انداز (layout) کو بدلا گیا ہے، اور دیکھنے والوں کی تعداد (View Count) کو اب اسکرین کے بائیں طرف دکھایا جا رہا ہے۔ اس تبدیلی کا انداز انسٹاگرام اسٹوریز سے ملتا جلتا محسوس ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ، اسٹیٹس کے صفحے پر اب دو نئے آپشنز شامل کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے صارفین اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس کو براہِ راست فیس بک یا انسٹاگرام پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر صرف تصویری یا ویڈیو اسٹیٹس تک محدود نہیں بلکہ تحریری اسٹیٹس (Text Status) پر بھی لاگو ہوتا ہے۔

واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ ان پلیٹ فارمز پر شیئرنگ کے لیے صارف کو اپنا اکاؤنٹ میٹا اکاؤنٹ سینٹر سے منسلک کرنا ہوگا۔ البتہ یہ فیچر مکمل طور پر رضاکارانہ ہے، اور صارف کسی بھی وقت اپنا اکاؤنٹ لنک یا ان لنک کر سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ کو جوڑنے یا نہ جوڑنے سے صارفین کے پیغامات اور کالز کی سیکیورٹی اور رازداری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ تمام تر کمیونیکیشن بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہے گی۔

یہ فیچرز اس وقت صرف اینڈرائیڈ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہیں، تاہم آئندہ اپ ڈیٹس میں یہ سہولت تمام صارفین کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

ٹیگز: