Wed, September 16, 2026

شادی بچی نہ بلی گئی — شوہر اور بیوی میں پالتو جانوروں پر جھگڑا

شادی بچی نہ بلی گئی — شوہر اور بیوی میں پالتو جانوروں پر جھگڑا

بھوپال: بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ایک نیا شادی شدہ جوڑا صرف اس وجہ سے ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے جا رہا ہے کہ شوہر کا کتا اور بیوی کی بلی ایک ساتھ نہیں رہ پا رہے۔

ذرائع کے مطابق، یہ شادی دسمبر 2024 میں انجام پائی تھی، مگر چند ماہ بعد ہی اختلافات اتنے بڑھ گئے کہ نوبت عدالت تک جا پہنچی۔ عدالت کے کہنے پر مفاہمتی نشستیں تو ہوئیں، لیکن دونوں نے اپنے پالتو جانوروں کو چھوڑنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد قانونی علیحدگی کی درخواست دائر کر دی گئی۔

شوہر، جو بھوپال کے رہائشی اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں، گھر سے کام کرتے ہیں، جبکہ بیوی اتر پردیش سے تعلق رکھتی ہیں اور بھوپال میں ملازمت کر رہی ہیں۔ ابتدا میں دونوں کی دوستی اور رشتہ پالتو جانوروں کی محبت سے شروع ہوا، مگر وقت کے ساتھ یہی شوق ان کے درمیان کشیدگی کا باعث بن گیا۔

بیوی کا کہنا ہے کہ شوہر کا کتا ان کی بلی کو روزانہ تنگ کرتا ہے، اس پر بھونکتا ہے اور ایک بار تو اس پر حملہ بھی کر چکا ہے۔ اس سے بلی ڈر گئی ہے، کھانے سے انکار کر دیتی ہے اور مسلسل دباؤ میں رہتی ہے۔ بیوی کے مطابق، یہ صورتحال اب ناقابلِ برداشت بن چکی ہے۔

دوسری طرف شوہر کا مؤقف ہے کہ شادی سے پہلے طے پایا تھا کہ بیوی اپنے تمام پالتو جانور ساتھ نہیں لائیں گی، مگر وہ اپنی بلی لے آئیں، جو کئی بار کتے کو زخمی بھی کر چکی ہے۔

دونوں خاندانوں نے صلح کی کوششیں کیں، کئی بار عدالت میں بات چیت ہوئی، لیکن دونوں میں سے کوئی بھی اپنے جانور کو چھوڑنے پر راضی نہیں ہوا۔

مصالحت کار شیل اوستھی نے بتایا: "ہم نے کئی بار سمجھانے کی کوشش کی، مگر بیوی اپنی بلی کے ساتھ بہت جذباتی وابستگی رکھتی ہے اور اُسے چھوڑنے پر آمادہ نہیں۔"

یہ واقعہ جدید زندگی میں پالتو جانوروں کے ساتھ بڑھتی وابستگی اور ازدواجی زندگی میں برداشت کی کمی کو ظاہر کرتا ہے، جہاں بعض اوقات چھوٹی باتیں بھی بڑے فیصلوں کا سبب بن جاتی ہیں۔

ٹیگز: