نیو جرسی : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان میں تجارت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر جدید شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے سنجیدہ دلچسپی ظاہر کی ہے۔ امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات نئی سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
نیو جرسی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی صدر سے ہونے والی ملاقات میں معاشی تعاون، دہشت گردی کے خلاف اشتراک، معدنیات کی تلاش و ترقی، کرپٹو کرنسی، اور ٹیرف جیسے اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھامیں نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ٹیرف سے متعلق پاکستان کے مؤقف کو سنا اور مثبت ردعمل دیا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمت کے تعین میں توازن قائم کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔ مستقبل میں طے پانے والے تجارتی معاہدے باہمی مفادات، شفافیت اور اعتماد کی بنیاد پر ہوں گے۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات اور نئے شعبوں میں تعاون کے آغاز کی نوید سمجھی جا رہی ہے۔