Wed, September 16, 2026

پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ،چیئرمین پنجاب  گروپ میاں عامر محمود

پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ،چیئرمین پنجاب  گروپ میاں عامر محمود

کراچی:  چیئرمین پنجاب  گروپ میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان ایک وقت میں اس خطے کا تیزی سے ترقی کرتا ہوا ملک تھا، لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں میں ترقی کا تسلسل برقرار نہیں رکھا جا سکا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان اس وقت قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے اور ملک کی ترقی کی رفتار بہت سست ہو گئی ہے۔

ایپ سپ کی مہم "پاکستان 2030: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے سلسلے میں اقراء یونیورسٹی کراچی میں ہونے والے سیمینار میں میاں عامر محمود نے کہا، "پاکستان بنے 79 سال ہو چکے ہیں، اور ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ملک کس سمت جا رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان آگے بڑھے اور ترقی کرے، مگر اس وقت پاکستان کے ترقیاتی اہداف بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔"

میاں عامر محمود نے پاکستان کے تعلیمی مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور کہا، "پاکستان میں آج ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، اور یہ تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے۔ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں اتنی بڑی تعداد میں بچے تعلیم سے محروم ہوں۔" انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں تعلیمی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیم مل سکے اور وہ ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔

انہوں نے صوبوں کی نابرابری کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا، "پاکستان ایک فیڈریشن ہے، لیکن ہمیں اپنے صوبوں کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کا حصہ پاکستان کی کل آبادی کا 52 فیصد ہے، اور ہم نے صوبوں کو اتنا غیر متوازن بنا دیا ہے کہ ایک صوبہ باقی تین سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔"

میاں عامر محمود نے بلوچستان کے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا، "بلوچستان کا رقبہ پاکستان کے نصف کے برابر ہے، لیکن وہاں کی آبادی کراچی سے بھی کم ہے۔ بلوچستان کا رقبہ اتنا بڑا ہے کہ حکومت کوئٹہ سے اس کو صحیح طریقے سے کنٹرول نہیں کر سکتی۔ ہم نے بلوچستان کو دو حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے، اور آج تک اس کو مناسب طریقے سے کنٹرول نہیں کر سکے۔"

میاں عامر محمود نے ان مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کی اور کہا کہ "ہمیں اس بات کا جائزہ لینا ہوگا کہ ملک کس سمت جا رہا ہے۔ ہمیں اپنے فیصلوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان ترقی کے راستے پر واپس آ سکے۔"

ٹیگز: