Wed, September 16, 2026

بجٹ میں ریلیف کے لیے ایسی تجاویز زیرِ غور ہیں جن سے عوام پر بوجھ کم ہو، رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے گفتگو

بجٹ میں ریلیف کے لیے ایسی تجاویز زیرِ غور ہیں جن سے عوام پر بوجھ کم ہو، رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار اور مظلوم طبقات کی ہر ممکن مدد کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ جنگی حالات اور عالمی بحران آڑے نہ آتا تو وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو ایک تاریخی اور بہت بڑا ریلیف پیکج دینے کا پروگرام تھا، تاہم موجودہ حالات کے باعث ریلیف کی طے شدہ مقدار میں کچھ فرق ضرور آئے گا۔

رانا ثناء اللہ نے پنجاب کی گورننس کو ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اب لوگوں کو بنیادی سہولیات اور ریلیف کے لیے لائنوں میں لگ کر ذلیل نہیں ہونا پڑتا اور نہ ہی ہاتھ پھیلانا پڑتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا پاکستان کو امن کے علمبردار کے طور پر دیکھ رہی ہے اور پاکستان کی سفارتی کوششوں سے پورے خطے میں امن قائم ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل مبارکباد کے مستحق ہیں، جنہوں نے اپنی دانشمندانہ اور دوراندیش کوششوں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے مسلم دنیا کو درپیش خطرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور نیتن یاہو جیسے مکار عناصر کی یہ مستقل خواہش ہے کہ مسلم ممالک آپس میں دست و گریبان رہیں، جبکہ پڑوسی ملک بھارت نے بھی 'سندور فیز 2' کے نام سے نئی دہشت گردی شروع کررکھی ہے، جس کا پاکستان بھرپور جواب دے رہا ہے۔

ٹیگز: