Wed, September 16, 2026

آیت اللہ خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا

آیت اللہ خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا

تہران : تہران میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوششوں میں دلچسپی نہیں لی، جو قابل تحسین ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو مل کر اسرائیل کو غزہ میں مظالم سے روکنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ کچھ مسلم ممالک اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہو رہے ہیں، جو درست راستہ نہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اگر مل کر کام کریں تو مسئلہ فلسطین کو درست سمت میں لے جا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مسلم دنیا کے اتحاد اور روشن مستقبل کی امید بھی ظاہر کی۔ پاک-بھارت کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد ہی امن کا راستہ ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے تجویز دی کہ ایران اور پاکستان کو ای سی او (اقتصادی تعاون تنظیم) کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے بھی ساتھ کام کرنا چاہیے۔انہوں نے پاک-ایران تعلقات کو ہمیشہ برادرانہ قرار دیا اور کہا کہ یہ تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

اس ملاقات میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان بھی موجود تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ شامل تھے۔

ٹیگز: