کراچی: عید کے موقع پر چمکتے دمکتے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنا سب کی خواہش ہوتی ہے، خاص طور پر بچوں کی عیدی نئے نوٹوں کے بغیر ادھوری لگتی ہے۔ مگر ہر سال نئے نوٹوں کی قلت کے باعث بہت سے لوگ انہیں حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
نجی بینک کے ایک افسر کے مطابق، نئے کرنسی نوٹ لینے کا طریقہ انتہائی آسان ہے۔ اگر کسی بھی شخص کو نئے نوٹ درکار ہوں تو وہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ کسی بھی بینک میں جا کر نئے نوٹ حاصل کر سکتا ہے، بشرطیکہ بینک میں اسٹاک موجود ہو۔
بینکرز کے مطابق، اسٹیٹ بینک ہر سال تجارتی بینکوں کو مخصوص مقدار میں نئے کرنسی نوٹ فراہم کرتا ہے۔ تاہم، بینک اسٹیٹ بینک سے مزید نوٹوں کا تقاضا نہیں کر سکتے، جو نوٹ مل جاتے ہیں، وہی تقسیم کیے جاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ بینک عملے کے قریبی افراد میں پہلے ہی تقسیم ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے عام شہریوں کے لیے یہ حاصل کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اکثر بینکوں میں چند روز میں ہی نئے نوٹ ختم ہو جاتے ہیں۔
اسلام آباد میں حبیب بینک آئی-8 برانچ کے مینیجر رانا عمیر کا کہنا ہے کہ چند سال پہلے تک اسٹیٹ بینک خود ایک کوڈ کے ذریعے عوام کو نئے نوٹ فراہم کرتا تھا، مگر اب یہ سروس بند کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔