کراچی: سندھ حکومت نے گٹکا ماوا کی روک تھام کے لیے قانون سازی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعلان کیا کہ گٹکا ماوا کو انسداد منشیات کے قانون میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گٹکا ماوا کی فروخت کے موجودہ قانون میں ترمیم کی جائے گی اور اس حوالے سے اسمبلی اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ضیاء الحسن لنجار نے کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کی خصوصی ہدایت پر گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس میں نجات مہران آپریشن کے دوران 48 ڈاکو ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں موبائل فون چھیننے اور گاڑی چوری کی وارداتوں میں کمی آئی ہے جبکہ رواں سال شہر میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی، کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔