Wed, September 16, 2026

سانحہ گل پلازہ: ہلاکتیں 73 تک جا پہنچیں، فارنزک ٹیموں کا خصوصی لباس پہن کر عمارت میں سرچ آپریشن

سانحہ گل پلازہ: ہلاکتیں 73 تک جا پہنچیں، فارنزک ٹیموں کا خصوصی لباس پہن کر عمارت میں سرچ آپریشن

کراچی : کراچی کے تجارتی مرکز گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے محرکات جاننے کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیموں نے آپریشن کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ فارنزک ماہرین نے عمارت کی حفاظتی جالیاں کاٹ کر اندرونی سروے شروع کر دیا ہے، جبکہ جانی نقصان کے اعداد و شمار نے خوف و ہراس میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

آج ہونے والی تحقیقاتی کارروائی کے دوران   حفاظتی جالیاں ہٹا دی گئیں ، عمارت کے متاثرہ حصوں تک رسائی کے لیے لگی ہوئی لوہے کی جالیوں کو ہٹا کر راستہ صاف کر دیا گیا ہے۔شدید تپش اور زہریلے دھوئیں کے خطرات کے پیشِ نظر، فارنزک ٹیمیں مخصوص حفاظتی سوٹ پہن کر عمارت کی مختلف منزلوں کا معائنہ کر رہی ہیں۔

 ماہرین کی ٹیمیں آج بھی شواہد اکٹھے کرنے کے لیے عمارت کے کونے کونے کا جائزہ لیں گی تاکہ آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر ضلع غربی جاوید نبی کھوسو نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ  گل پلازہ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 73 ہو گئی ہے۔

    سندھ حکومت کو رپورٹ: تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد پہلے مرحلے میں 30 افراد کا ڈیٹا سندھ حکومت کو بھیج دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا عمل شروع ہو سکے۔

انتظامیہ کے مطابق باقی رہ جانے والے افراد کی شناخت اور ڈیٹا کی تصدیق کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے۔ جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر کے صرف تحقیقاتی ٹیموں کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ جائے حادثہ سے شواہد ضائع نہ ہوں۔

ٹیگز: