Wed, September 16, 2026

بھارت کی غیرمتوقع پانی چھوڑنے سے پاکستان میں شدید سیلاب، دریا کنارے بستیاں زیر آب

بھارت کی غیرمتوقع پانی چھوڑنے سے پاکستان میں شدید سیلاب، دریا کنارے بستیاں زیر آب

لاہور : پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھارت کی جانب سے دریاؤں میں اچانک اور بغیر اطلاع پانی چھوڑنے کے باعث شدید سیلاب آ گیا ہے۔ دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی کی سطح اس قدر بڑھ گئی ہے کہ کئی دیہات اور بستیاں مکمل طور پر زیرِ آب آ چکی ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج کے گنڈا سنگھ والا اور ہیڈ سلیمانکی کے علاقوں میں پانی کی سطح بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ راوی کے پانی میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس سے پچاس سے زائد دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ اوکاڑہ اور بورے والا کے حفاظتی بند ٹوٹ جانے سے بہاولنگر، منچن آباد اور دیگر اضلاع میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، جہاں کھڑی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

بھارت نے دریائے راوی پر قائم تھین ڈیم کے تمام گیٹس کھول دیے ہیں، جس کے نتیجے میں کوٹ نیناں سے 2 لاکھ 10 ہزار کیوسک پانی پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ اس سے مزید پانی کے آنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

اسی طرح دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح بڑھ رہی ہے، چنیوٹ کے قریب بہاؤ 1 لاکھ 10 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے اور اس کے باعث سرحدی دیہات میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شکرگڑھ اور فیروزوالہ سمیت دیگر کم بلندی والے علاقے بھی سیلاب کے شدید خطرے میں ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے عوام کو انتباہ دیا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ جگہوں پر منتقل ہوں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔ ضلعی انتظامیہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

ٹیگز: