اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیمتی پتھروں کی عالمی مارکیٹ میں قدر بڑھانے کے لیے جدید کان کنی اور عالمی معیار کی تراش خراش ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ جدید مشینری اور سائنسی طریقوں کے استعمال سے قیمتی پتھروں کے ضیاع کو کم کیا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کان کنی (Mining) کے شعبے میں بین الاقوامی بہترین طریقوں کو رائج کیا جائے تاکہ نکالے گئے پتھروں کی چمک اور قیمت برقرار رہے۔حکومت نے اس شعبے کی ترقی کے لیے تین سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مراکز مقامی افرادی قوت کو قیمتی پتھروں کی کٹائی (Cutting) اور پالش کے جدید فنون سکھائیں گے۔ بین الاقوامی خریداروں کے لیے کوالٹی کی ضمانت اور سرٹیفیکیشن فراہم کریں گے۔ جدید ڈیزائننگ کے ذریعے پاکستانی زیورات کی عالمی سطح پر برانڈنگ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاپاکستان قیمتی پتھروں کی دولت سے مالا مال ہے لیکن ہم اب بھی پرانے طریقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اگر ہم ان وسائل کو جدید طریقے سے پراسیس کریں، تو برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر کے ملکی معیشت کو سہارا دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ٹاسک دیا کہ وہ ان مراکز کے قیام اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے نہ صرف زرمبادلہ بڑھے گا بلکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان جیسے علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔