Wed, September 16, 2026

امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ، شدید نقصان پہنچا ، سی آئی اے

امریکی حملوں سے ایران کی جوہری تنصیبات تباہ، شدید نقصان پہنچا ، سی آئی اے

واشنگٹن / تہران:امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف کا کہنا ہے کہ حالیہ امریکی حملوں نے ایران کی جوہری تنصیبات کو "شدید نقصان" پہنچایا ہے اور ان حملوں کے بعد ایرانی جوہری پروگرام "کئی دہائیوں پیچھے چلا گیا ہے"۔

سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسی خفیہ معلومات اور ٹھوس شواہد موجود ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ نطنز، فردو اور اصفہان کی اہم جوہری تنصیبات کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے، اور ان کی مرمت یا دوبارہ تعمیر میں "برسوں لگ سکتے ہیں"۔

یہ بیان اس وقت آیا ہے جب کچھ امریکی میڈیا اداروں نے ایک لیک رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ حملوں کے نتیجے میں ایران کا جوہری پروگرام صرف "چند ماہ" پیچھے گیا ہے۔ تاہم سی آئی اے اور امریکی نیشنل انٹیلیجنس کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے جان بوجھ کر رپورٹس کے صرف مخصوص حصے سامنے لائے تاکہ صدر ٹرمپ کی قیادت اور امریکی فوج کی کامیابی کو کم دکھایا جا سکے۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ نے بھی یہ تسلیم کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو حملوں میں خاصا نقصان پہنچا ہے۔ ترجمان اسماعیل باغائی کے مطابق تنصیبات کو "بار بار نشانہ بنایا گیا" جس کی وجہ سے نقصان کافی گہرا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا پر سخت غصے کا اظہار کیا ہے اور سی این این، نیویارک ٹائمز اور ایم ایس این بی سی جیسے اداروں کو "جھوٹا اور گمراہ کن" قرار دیا ہے۔

ٹیگز: