برلن: جرمنی میں منعقدہ ورلڈ یونیورسٹی گیمز کے دوران پاکستانی وفد میں شامل دو ایتھلیٹس شازل احمد اور ندیم علی دو روز سے لاپتا ہیں، جس سے قومی ٹیم کے حلقوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑی بغیر کسی اطلاع کے قیام گاہ سے روانہ ہوئے اور اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ وفد کے افسران کی جانب سے ان سے رابطہ کرنے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں، مگر تاحال کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکیں۔
وفد سے وابستہ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ایتھلیٹس کے پاسپورٹس ٹیم مینیجر کے پاس محفوظ ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اچانک اور غیر منصوبہ بندی کے تحت غائب ہوئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے بتایا کہ شازل اور ندیم بغیر کچھ بتائے غائب ہوئے، اگر وہ جان بوجھ کر غائب ہونا چاہتے تو ایسا طریقہ اختیار نہ کرتے۔
ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں پاکستان کا 42 رکنی دستہ شریک ہے، جس میں 25 مرد و خواتین کھلاڑی اور 17 آفیشلز شامل ہیں۔ قومی وفد کی وطن واپسی 27 جولائی کو متوقع ہے۔
فی الحال جرمن حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے اور لاپتا کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے مختلف اداروں سے مدد لی جا رہی ہے۔ معاملے کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ حکام بھی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔