Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہبازشریف کا ایف بی آر کی اصلاحات کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کی منظوری

وزیراعظم شہبازشریف کا ایف بی آر کی اصلاحات کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کی تشکیل کی منظوری

اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ایف بی آر کی جاری اصلاحات کے عمل کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کی بدولت پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، اور ملک کے ٹیکس سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صرف ڈیجیٹائزیشن پر اکتفا نہ کیا جائے، بلکہ ایک مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم تیار کیا جائے تاکہ ملک بھر کی ٹیکسنگ سرگرمیاں براہ راست نگرانی میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خام مال کی تیاری، درآمدات اور مصنوعات کی مینوفیکچرنگ کے ڈیٹا کو ایک سسٹم سے منسلک کیا جائے تاکہ تمام عمل کو بہتر طور پر مانیٹر کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس نئے سسٹم کے ذریعے جمع شدہ ڈیٹا کو معاشی فیصلوں میں استعمال کیا جائے گا، جس سے ملک کی معاشی سمت میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے ٹیکس بیس میں اضافے اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے کو اس نظام کا اہم ہدف قرار دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ایف بی آر کو عالمی سطح کے ماہرین کی خدمات لینے کی ہدایت کی تاکہ یہ اصلاحات عالمی معیار کے مطابق نافذ کی جا سکیں اور ملکی معیشت میں دیرپا بہتری لائی جا سکے۔

ٹیگز: