اسلام آباد: وزارت خارجہ نے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ڈیمارش جاری کرتے ہوئے بریڈفورڈ میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر احتجاج پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، برطانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو وزارت خارجہ طلب کر کے احتجاج کا ریکارڈ فراہم کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اس وقت ملک میں موجود نہیں ہیں۔
پاکستان کی جانب سے برطانیہ کو خط بھی بھیجا گیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک سیاسی جماعت کے برطانیہ میں آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے جمع ہونے کے بعد چیف آف ڈیفنس فورسز کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی اور فیلڈ مارشل کو کار بم حملے میں قتل کرنے کی دھمکیاں دیں۔ وزارت خارجہ نے اس سنگین معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ آزادی اظہار کی حد سے تجاوز کر کے دہشت گردی پر اکسانے کے مترادف ہے۔