کینببرا : آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے سفیر کو ملک بدر کرے گا اور ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے گا۔ وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت نے سڈنی اور میلبورن میں یہود مخالف حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معلومات کے مطابق ایران نے گزشتہ سال اکتوبر اور دسمبر میں سڈنی اور میلبورن میں دو حملے کروائے، جن میں یہودی عبادت گاہوں اور ریسٹورنٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کا مقصد آسٹریلیا میں فرقہ واریت کو بڑھانا اور سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا تھا۔
آسٹریلیا نے تہران میں اپنے سفارت خانے کی سرگرمیاں بھی معطل کر دی ہیں اور سفارتکاروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم البانیز نے کہا کہ یہ قدم ملک کی سلامتی اور تمام اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ضروری تھا، اور حکومت اس حوالے سے سخت کارروائی کرے گی۔