دبئی: ٹی20 ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 43 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فیصلہ کن معرکہ اتوار کو بھارت کے خلاف ہوگا۔
بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، جو ان کے حق میں بہتر رہا۔ پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز قدرے خراب رہا، اور محض 4 رنز پر صاحبزادہ فرحان کیچ آؤٹ ہو گئے۔ صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے دوسری ہی گیند پر واپس لوٹ گئے۔
پاکستان نے اپنے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز اسکور کیے۔ محمد حارث نے 31، محمد نواز نے 25 اور شاہین آفریدی نے 19 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔
جواب میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن مکمل طور پر دباؤ میں نظر آئی اور پوری ٹیم 92 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ اننگز کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گری جب پرویز حسین ایمون صفر پر آؤٹ ہوئے۔
دیگر بلے باز بھی مزاحمت نہ کر سکے: توحید ہریدوئے 5، سیف حسن 18، مہدی حسن 11، نور الحسن 16، ذاکر علی 5 اور شمیم حسین 30 رنز بنا سکے۔
پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مکمل طور پر باندھ کر رکھا، اور مسلسل وکٹیں حاصل کرتے رہے۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے فائنل میں رسائی حاصل کر لی، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے اتوار کے روز دبئی میں ہو گا۔