Wed, September 16, 2026

پاپ موسیقی کا بادشاہ مائیکل جیکسن 16 سال بعد بھی دلوں میں زندہ

پاپ موسیقی کا بادشاہ مائیکل جیکسن 16 سال بعد بھی دلوں میں زندہ

لاس اینجلس : دنیا کے مقبول ترین پاپ سنگر، مائیکل جیکسن کو مداحوں سے بچھڑے آج 16 سال گزر گئے، مگر ان کی موسیقی، انداز اور یادیں آج بھی مداحوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔

مائیکل جیکسن نے صرف پانچ سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا اور 1964 میں اپنے بھائیوں کے ساتھ 'جیکسن فائیو' گروپ کا حصہ بنے۔ چھوٹی عمر میں ہی ان کی آواز اور ڈانس نے لوگوں کو حیران کر دیا، اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے ایک عالمی اسٹار بن گئے۔

1979 میں ان کا پہلا سولو البم Off the Wall آیا، جس نے انہیں ایک الگ شناخت دی، مگر 1982 میں ریلیز ہونے والا ان کا شہرہ آفاق البم Thriller پوری دنیا میں چھا گیا۔ اس البم نے کامیابی کے وہ جھنڈے گاڑے جو آج تک قائم ہیں۔

مائیکل جیکسن نہ صرف اپنی آواز بلکہ اپنے منفرد رقص، خاص طور پر "مون واک" کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں۔ انہیں "کنگ آف پاپ" کا لقب ملا، جو ان کی موسیقی پر بادشاہی کا ثبوت ہے۔

25 جون 2009 کو مائیکل جیکسن اس دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن ان کا فن اور ان کے نغمے آج بھی لاکھوں دلوں کو دھڑکنے پر مجبور کرتے ہیں۔ ان کے چاہنے والے آج بھی ان کی برسی پر انہیں یاد کرتے ہیں، ان کے گانے سنتے ہیں اور ان کے انداز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

ٹیگز: