Wed, September 16, 2026

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 4 کارندے مارے گئے

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 4 کارندے مارے گئے

جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں ایک چیک پوسٹ کو فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے بڑے حملے سے محفوظ بناتے ہوئے بارودی مواد سے بھری خودکش گاڑی کو تباہ کر دیا۔ کامیاب کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بارود سے لدی گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ پر حملہ کر کے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے بارودی گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود تک پہنچنے سے پہلے ہی درست نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں موجود خودکش حملہ آور موقع پر ہی مارا گیا۔ اس کارروائی کے باعث چیک پوسٹ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ حملے میں شامل تین دیگر دہشت گرد فرار ہو کر قریبی عمارت میں پناہ لینے میں کامیاب ہوگئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری تعاقب کرتے ہوئے عمارت کا محاصرہ کیا اور مہارت کے ساتھ کیے گئے آپریشن میں تینوں دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پورے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کا کوئی اہلکار زخمی یا شہید نہیں ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے، جبکہ ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
 
 
 
 

ٹیگز: