لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ سیلابی ریلوں میں لوگوں کا ڈوب جانا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ اگر ہم احتیاط کریں تو کئی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کا تھیم ’’کوئی بھی ڈوب سکتا ہے، مگر کسی کو ڈوبنا نہیں چاہیے‘‘ بہت اہم پیغام دے رہا ہے۔ بظاہر پانی زندگی کی علامت ہے، لیکن اگر احتیاط نہ کی جائے تو یہی پانی موت کا سبب بن سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ لوگ نہر، ندی، دریا یا سیلابی نالوں میں نہانے سے گریز کریں کیونکہ ہر سال ہزاروں افراد صرف لاپروائی کی وجہ سے اپنی جانیں گنوا بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ایسی جگہوں پر نہانے پر مکمل پابندی ہے، وارننگ سائنز اور نگرانی کا نظام فعال ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ہر وقت تیار ہیں۔
مریم نواز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو خطرناک پانیوں میں نہانے سے روکیں اور محکمہ موسمیات یا ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کو سنجیدگی سے لیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔