لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں انفراسٹرکچر اور ڈیزائن سٹینڈرائزیشن کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد یکساں ترقی اور ڈسپلن کی فضا قائم کرنا ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متعلقہ حکام نے اس حوالے سے تفصیل سے بریفنگ دی۔
اس فیصلے کے تحت پنجاب بھر میں روڈز، گرین بیلٹس، سائن بورڈز، فٹ پاتھ، سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی عمارتوں کے ڈیزائن کو سٹینڈرائز کیا جائے گا تاکہ تمام شہروں میں ایک جیسے معیار اور ساخت کی حامل عمارتیں اور سڑکیں ہوں۔ اس کے علاوہ، سڑکوں کے کنارے چھوٹی دکانوں اور کیبنز کے ڈیزائن بھی یکساں کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے سٹینڈرائزیشن کے لیے ایک خود مختار اتھارٹی بنانے اور سٹینڈرائزڈ ڈیزائن مینول تیار کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اب ایک ہی رنگ اور معیار سے پہچانا جائے گا اور ڈسپلن ہی ترقی کی اصل علامت ہے۔ لاہور سے راجن پور تک ہر گلی اور شاہراہ دیدہ زیب اور ہر ادارہ نظم و ضبط کا نمونہ ہوگا۔