راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل کے معاملات پر چیف جسٹس کو خط لکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان سے طویل وقفے کے بعد ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل کے نظام کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نادیدہ قوتوں کے زیر اثر ہے اور اس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ چھ ماہ میں چوتھی بار ہے کہ بچوں سے بات کی گئی۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ وہ سندھ کے حقوق کے لیے پی ٹی آئی کے عزم کا اظہار کرتے ہیں اور پنجاب میں فسطائیت کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومتی عہدوں پر موجود پارٹی کے عہدیداروں کو عہدے چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کرکٹ کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل ناتجربہ کار افراد کے حوالے کر دیا گیا ہے جس سے پاکستان کے عوام کی وابستگی متاثر ہو رہی ہے۔