جدہ : جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس کا مرکزی موضوع غزہ میں جاری جنگ بندی اور فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ ہے۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔
اجلاس میں شریک ممالک غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں اور فلسطینی علاقوں پر مکمل کنٹرول کے اسرائیلی منصوبوں پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنے موقف پر قائم ہے اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس موقع پر فلسطین کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کریں گے۔
اسحاق ڈار اسرائیل سے مطالبہ کریں گے کہ وہ تمام مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرے، غزہ پر مکمل قبضے اور فلسطینیوں کی مزید بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کیا جائے، اور انسانی امداد بلا روک ٹوک فراہم کی جائے۔
پاکستان کی طرف سے یہ بھی کہا جائے گا کہ فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دیا جائے، جس میں جون 1967 کی سرحدوں کے اندر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اس اجلاس کے دوران اسحاق ڈار کی اہم رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جہاں وہ اس مسئلے پر مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کریں گے۔