اسلام آباد : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے رات گئے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں اہم علاقائی و عالمی امور سمیت دوطرفہ تعاون پر مشاورت کی گئی۔پاکستان کی سفارتی سہولت کاری کی پذیرائی ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، ٹیلیفونک گفتگو کے دوران پاکستان کی جانب سے جاری حالیہ سفارتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ مصری وزیر خارجہ کو پاکستان کی ان کوششوں سے آگاہ کیا گیا جو خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی سہولت کاری کے لیے کی جا رہی ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے خطے اور اس سے آگے امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ترجمان کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع کے مؤثر استعمال پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے مستقبل میں بھی مسلسل اور قریبی سفارتی روابط برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی صورتحال پر مشاورت دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق، اس رابطے کا مقصد برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے تاکہ عالمی سطح پر امتِ مسلمہ اور خطے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔