اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی سیر کرنے والے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
شہری انتظامیہ کے مطابق جدید بس سروس کے ذریعے مسافر اسلام آباد کے مختلف معروف سیاحتی اور تاریخی مقامات کا سفر آسانی سے کرسکیں گے۔ ماحول دوست ڈبل ڈیکر بسوں کا روٹ شہر کے 15 سے زائد اہم مقامات تک پھیلایا جائے گا۔
مجوزہ روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت دیگر نمایاں مقامات شامل ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق ڈبل ڈیکر بسوں کے ذریعے اسلام آباد کے قدرتی حسن اور اہم تفریحی مقامات کی سیر کا تجربہ شہریوں اور سیاحوں کیلئے مزید دلچسپ بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق ہر الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس میں 90 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، جبکہ جدید سفری سہولیات کے ساتھ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق دارالحکومت آنے والے شہریوں اور سیاحوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ نئی بس سروس سے اسلام آباد میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔