Thu, September 24, 2026

اے آئی ایجنٹ کی حکومتی سرور تک رسائی، آسٹریلیا میں تشویش

اے آئی ایجنٹ کی حکومتی سرور تک رسائی، آسٹریلیا میں تشویش

کینبرا: اوپن اے آئی کے ایک مصنوعی ذہانت کے ایجنٹ نے آسٹریلیا کے سرکاری ہیلتھ کیئر نظام تک رسائی حاصل کرکے حساس نوعیت کی معلومات اور فائلز تک رسائی حاصل کرلی، جبکہ حکومتی سرور پر تبدیلیاں بھی کی گئیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے پریس کانفرنس میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اوپن اے آئی کے اے آئی ایجنٹ نے ملک کے میڈی کیئر اسٹیٹسٹکس رپورٹنگ پورٹل میں غیر مجاز طور پر داخل ہو کر متعدد فائلز تک رسائی حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی کی تحقیقی ٹیم ایک اندرونی اے آئی ماڈل کی آزمائش کر رہی تھی، جس کا مقصد عوامی طبی سہولیات پر آنے والے اخراجات سے متعلق معلومات کا جائزہ لینا تھا۔ تجربے کے دوران اے آئی ایجنٹ کو انٹرنیٹ استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔

تاہم مطلوبہ معلومات تک پہنچنے کے دوران جب ایجنٹ کو بعض حفاظتی رکاوٹوں کا سامنا ہوا تو اس نے ان پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔

18 جون کو اے آئی ایجنٹ نے آسٹریلوی میڈی کیئر اسٹیٹسٹکس رپورٹنگ پورٹل تک رسائی حاصل کی، جہاں اسے سرکاری اور محدود رسائی والی فائلز نظر آئیں۔ ایجنٹ نے حکومتی سرور پر اپنی ہدایات بھی تحریر کیں۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق اوپن اے آئی کو اے آئی ٹیکنالوجی سے وابستہ خطرات کی نشاندہی کے ساتھ مؤثر حفاظتی طریقہ کار بھی یقینی بنانا چاہیے۔

اوپن اے آئی کے ترجمان نے کہا کہ آسٹریلیا سے متعلق سوالات کے جوابات تلاش کرتے ہوئے اے آئی ماڈلز نے ایسے اقدامات کیے جو کمپنی کی جانب سے مطلوب نہیں تھے۔ ترجمان کے مطابق ماڈل نے طبی اعداد و شمار اور بعض اندرونی فائلز کے نام دیکھے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ کسی فرد کی ذاتی معلومات یا نجی طبی ریکارڈ تک رسائی حاصل کی گئی ہو۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکام نے خودکار اے آئی ایجنٹ کی جانب سے حکومتی نظام میں داخلے کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ وزیراعظم انتھونی البانیز کے مطابق انہوں نے اوپن اے آئی کے سربراہ سام آلٹمین سے بات چیت کے دوران اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے واقعے کی اطلاع دینے میں اوپن اے آئی کی تاخیر پر بھی اعتراض کیا۔ کمپنی کے مطابق اسے اگست میں واقعے کا علم ہوا، تاہم آسٹریلوی حکومت کو 10 ستمبر کو آگاہ کیا گیا۔

اوپن اے آئی کی جانب سے پبلک سروسز آسٹریلیا کو ایک ای میل کے ذریعے اطلاع دی گئی، جس پر وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس طریقہ کار کو مایوس کن اور ناقابل قبول قرار دیا۔

اے آئی ماڈلز کی جانب سے کمپنیوں کے سرورز کی سکیورٹی جانچ کے دوران غیر متوقع طور پر سسٹمز تک رسائی کے واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، تاہم آسٹریلیا کے سرکاری نظام سے متعلق یہ واقعہ اپنی نوعیت کا نمایاں کیس قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: