Wed, September 16, 2026

عوام نے ضمنی انتخابات کو ریفرنڈم بنا دیا، بائیکاٹ کا بیانیہ ناکام ہوا: مریم نواز

عوام نے ضمنی انتخابات کو ریفرنڈم بنا دیا، بائیکاٹ کا بیانیہ ناکام ہوا: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت کے ہوتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا، اور اگر کسی کو دھاندلی پر اعتراض ہو تو بائیکاٹ کے بجائے اس کو سامنے لانا چاہیے۔

صوبائی وزراء اور سیکرٹریز کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست کو بائیکاٹ قرار دینا عوامی مینڈیٹ سے بے اعتنائی کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں دھاندلی ہوتی ہے، وہاں حالات خود سب کے سامنے آ جاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ حالیہ ضمنی انتخابات عام الیکشن نہیں بلکہ ایک طرح کا ریفرنڈم ثابت ہوئے، جس میں عوام نے کارکردگی کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ پرفارمنس سے بڑھ کر کوئی بیانیہ نہیں ہو سکتا۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کیا مگر خیبرپختونخوا میں حصہ لیا، تاہم وہاں بھی انہیں سخت شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے ’’قیدی نمبر 804‘‘ کے بیانیے پر الیکشن لڑا، جو ضمنی انتخابات میں قابلِ عمل ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی نواز شریف اور دونوں صوبوں کے عوام کے نام ہے جنہوں نے واضح اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

ٹیگز: