لاہور : محکمہ موسمیات نے دسمبر کے مہینے میں بلوچستان کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ 6 سے 10 دسمبر تک مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ بلوچستان میں داخل ہو گا، جو پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
اس بارشوں سے بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں خشک سالی کا خاتمہ ہونے کا امکان ہے، جن میں ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارشیں اور گرج چمک کیساتھ طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں، اور عرب سمندر سے آنے والی نمی کی وجہ سے بلوچستان میں بارشوں کا یہ سلسلہ طویل ہو سکتا ہے۔
اسی دوران، محکمہ موسمیات نے آج کے لیے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، اور پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کی توقع ہے۔