Wed, September 16, 2026

کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری؛ عظیم پورہ فلائی اوور کی تاریخِ افتتاح کا اعلان

کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری؛ عظیم پورہ فلائی اوور کی تاریخِ افتتاح کا اعلان

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور شہریوں کے سفری مسائل حل کرنے کے لیے اتوار کے روز شہر کے مختلف میگا پراجیکٹس کے طوفانی دورے کیے۔
 وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) ریڈ لائن منصوبے کے تحت نمائش سے لے کر صفورا چورنگی تک کے پورے روٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور تعمیراتی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کام کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
اس دورے کے دوران سب سے اہم پیشرفت زیرِ تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور پر دیکھنے میں آئی، جہاں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔ مراد علی شاہ نے منصوبے کی اہمیت کے پیشِ نظر انتظامیہ کو 100 دن کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 15 جون کو اس عظیم الشان فلائی اوور کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شاہراہِ فیصل اور اس سے منسلک تمام سڑکوں پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں، وزیراعلیٰ نے شاہراہِ بھٹو کا بھی معائنہ کیا اور فیصل ٹول پلازہ پر ایک غیر رسمی اجلاس کے دوران شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم احکامات دیے۔ انہوں نے شاہراہِ بھٹو پر پولیس پیٹرولنگ کو مزید مؤثر بنانے، ای چالان سسٹم کو فوری طور پر فعال کرنے اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر عائد پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ سڑک پر حادثات کا تدارک اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔

ٹیگز: