اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے منصوبے کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون ایک جدید اور متاثر کن منصوبہ ہے، جسے انتہائی مختصر مدت میں غیر معمولی عزم، مسلسل محنت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مکمل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بڑے منصوبے صرف عزم اور اجتماعی کوششوں سے مکمل ہوتے ہیں، جبکہ اسکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے روشن مستقبل اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے موثر اقدامات قابل فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی ملکی تاریخ کا ایک اہم اور عظیم لمحہ تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکائی 47 منصوبہ پاکستان کو جدید سکیورٹی صلاحیتوں سے لیس کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ اتحاد اور مشترکہ کوششوں سے کوئی بھی ہدف ناممکن نہیں رہتا۔
تقریب کے دوران منصوبے کی جدید خصوصیات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملکی ضروریات کے مطابق اس کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔