نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی خارجہ پالیسی کی بنیاد تمام تنازعات کے پرامن حل پر قائم ہے، جبکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا حل ضروری ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پاکستانی نمائندہ صائمہ سلیم نے بھی خطاب کیا اور بھارت کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا حقائق سے آگاہ ہو چکی ہے اور مظلومیت کے پردے کے پیچھے چھپے اصل حقائق سامنے آ رہے ہیں۔
پاکستانی نمائندوں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے تنازعات کے حل، امن کے فروغ اور عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔