Wed, September 16, 2026

ایوانِ صدر میں چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان اور چین کا علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

ایوانِ صدر میں چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان اور چین کا علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط بڑھانے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

صدرِ پاکستان نے چین کی مسلسل حمایت اور مشکل وقتوں میں پاکستان کا ساتھ دینے پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور پاکستانی عوام اپنے دیرینہ دوست ملک کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چینی سفیر نے اس موقع پر صدرِ چین شی جن پنگ کی جانب سے صدر زرداری کو ان کی سالگرہ کے موقع پر نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین مل کر خطے کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیگز: