Wed, September 16, 2026

 سکردو کے علاقے کندوس میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب، 49 مکانات منہدم، 200 سے زائد سیاح پھنس گئے

 سکردو کے علاقے کندوس میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب، 49 مکانات منہدم، 200 سے زائد سیاح پھنس گئے

سکردو : سکردو کے علاقے کندوس میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے آنے والے شدید سیلاب نے بڑی تباہی مچائی ہے۔ سیلابی ریلے کی زد میں آکر 49 مکانات، 20 دکانیں اور 2 مساجد مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ علاقے کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور سیلاب نے رابطہ پل بھی بہا دیا، جس سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔

سب ڈویژن ڈغونی میں بھی شدید بارشوں کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس سے ایک لڑکی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مگر دشوار گزار راستوں اور رابطے کی کمی کی وجہ سے ریسکیو کی کوششوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ضلع دیامر میں بھی دو روز قبل کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑی تباہی مچائی تھی۔ اس میں لودھراں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر، ان کے دیور اور سسر جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا بیٹا تاحال لاپتہ ہے۔ امدادی ٹیموں نے فوراً 200 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کر کے چلاس منتقل کیا تھا۔ اس دوران دیامر میں ایک آٹھ کلومیٹر طویل رابطہ سڑک بھی سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوگئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق، ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب میں 252 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 افراد کی موت ہوگئی ہے، اور 13 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 139 افراد جاں بحق ہوئے، اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 24 اور بلوچستان میں 16 افراد کی اموات ہوئیں۔

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہنگامی صورتحال ہے، اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے

ٹیگز: