Wed, September 16, 2026

سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل: پاکستان یا بھارت؟

سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش منزل: پاکستان یا بھارت؟

کراچی: خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور حکومتی اصلاحات نے کاروباری ماحول کو سہارا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق  پاکستان کی سٹاک مارکیٹ 80 فیصد سے زائد اوپر گئی، جو دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹوں میں شمار ہوئی۔ اس کے برعکس بھارت کی مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی اور سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوئے۔

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بزنس کانفیڈنس انڈیکس منفی 5 فیصد سے بڑھ کر مثبت 11 فیصد ہو گیا ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ، ریٹیل اور سروسز سمیت تمام بڑے شعبوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ ہوئی۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی قسط اور 1.4 ارب ڈالر کلائمیٹ ریزیلینس فنڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوئے ہیں، جس سے کرنسی اور درآمدی ادائیگیوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کاروباری اعتماد میں اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔