اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹانے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی آج رات ایک مختصر وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں تاکہ پاکستانی مصالحتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز کیا جا سکے۔
روانگی سے قبل عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اہم ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے متحرک سفارتی کردار کو سراہا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی ثالثی کی مخلصانہ کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے خطے کی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔
اسلام آباد میں اس وقت غیر معمولی صورتحال ہے کیونکہ ایرانی وفد کی آمد کے وقت امریکہ کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی وہاں موجود ہے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک اہم "رابطہ کار" کے طور پر ابھرا ہے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے