Wed, September 16, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کو قومی دن پر مبارکباد

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کو قومی دن پر مبارکباد

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اخوت، خلوص اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس مقامات خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کی موجودگی کی وجہ سے سعودی عرب سے پاکستان کا ایک خاص روحانی رشتہ ہے۔ صدر نے یہ بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سکیورٹی اور دفاع کے شعبے میں تعاون باہمی اعتماد کا مظہر ہے اور یہ شراکت داری خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو قومی دن پر خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کے حالیہ دورے میں سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے جس گرمجوشی سے استقبال کیا گیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، مشترکہ تاریخ اور بھائی چارے پر قائم ہیں اور یہ رشتہ آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی تیز رفتار ترقی کو سراہا اور کہا کہ آج سعودی عرب دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ کھڑا ہے۔

شہباز شریف نے 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی حمایت کو بھی یاد کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم اس یکجہتی کو کبھی نہیں بھولے گی۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے معاشی تعاون ہمیشہ پاکستان کے لیے سہارا بنتا آیا ہے، اور لاکھوں پاکستانی آج بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

اپنے پیغام کے آخر میں وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان یہ دوستی اور شراکت داری آنے والے وقت میں مزید گہری اور مضبوط ہوگی، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔

ٹیگز: