لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال، شہری علاقوں میں بارش کے پانی کے جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تیاری رکھنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے ہمہ وقت متحرک رہیں اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔
انہوں نے واسا کی ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر شکایت کے اندراج، کارروائی اور ازالے کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھا جائے تاکہ کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں میں نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حساس مقامات کی ڈرونز کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر زور دیا کہ مون سون کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر حکمت عملی اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت سے بروقت نمٹا جا سکے۔