راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو خطرہ بننے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا ہر قیمت پر خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے اور عوام متحد ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔



ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ کاوشوں سے بلوچستان میں دیرپا امن قائم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار اور پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں بلوچستان کی سکیورٹی، ترقی اور قومی یکجہتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔