Wed, September 16, 2026

دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، متعدد مقامات پر الرٹ جاری

دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، متعدد مقامات پر الرٹ جاری

لاہور: مون سون بارشوں اور بھارت سے آنے والے پانی کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں دریائے چناب کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ، ہیڈخانکی اور ہیڈقادر آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک، ہیڈخانکی پر 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک جبکہ ہیڈقادر آباد پر 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق نارووال کے نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیر آباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 3 لاکھ 36 ہزار اور 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دریاؤں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: