تہران : ایران نے گزشتہ برس اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران تباہ ہونے والے اپنے فضائی دفاعی نظام کی بحالی کے لیے روس کے ساتھ ایک خفیہ معاہدہ کیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 60 کروڑ ڈالر ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایران روس سے جدید کندھے پر رکھنے والے میزائل خریدے گا۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق، اس معاہدے کے تحت روس تین سال کے دوران ایران کو 500 وربا لانچ یونٹس اور 2500 نائن ایم 336 میزائل فراہم کرے گا۔ وربا ایک جدید پورٹیبل فضائی دفاعی نظام ہے، جو کندھے پر رکھ کر فائر کیا جاتا ہے اور یہ کروز میزائلوں، کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اخبار نے یہ بھی بتایا کہ اس دفاعی سسٹم کی ترسیل تین مرحلوں میں 2027 سے 2029 کے درمیان مکمل کی جائے گی، اور یہ بھی ممکن ہے کہ ایران کو ان سسٹمز کی محدود مقدار پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہو۔